مسلسل بارش نے گوجرانوالہ میں تبا۔ہی مچا دی، رائس مل کی چھت گرنے سے مزدور جا۔ں بحق، کچے مکان کی چھت تلے ماں اور 6 ماہ کا بچہ زخمی

گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ) میں مسلسل ہونے والی مون سون بارش نے تباہی مچا دی۔ مختلف علاقوں میں دو الگ الگ حادثات پیش آئے جن میں ایک مزدور جان کی بازی ہار گیا جبکہ ماں اور شیر خوار بچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ بارش کے باعث کمزور عمارتوں اور کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے کے واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق تتلے عالی، کامونکی روڈ پر واقع نوبل رائس مل میں مسلسل بارش کے باعث عمارت کی دیوار اور کنکریٹ کی چھت کا ایک حصہ اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا جبکہ دو مزدور زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ملبے سے جاں بحق مزدور کی لاش نکالی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کامونکی منتقل کر دیا۔


دوسرا واقعہ گوجرانوالہ کے محلہ یوسف پورہ میں پیش آیا جہاں مسلسل بارش کے باعث ایک کچے مکان کے گراؤنڈ فلور پر واقع کمرے کی لکڑی کی بنی چھت منہدم ہوگئی۔ حادثے میں 25 سالہ سمرہ زوجہ علی رضا پیشانی اور کولہے پر چوٹیں آنے سے زخمی ہوئیں جبکہ ان کا 6 ماہ کا بیٹا مویس بھی سر پر چوٹ لگنے سے متاثر ہوا۔ ریسکیو 1122 نے دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد گوجرانوالہ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران یا اس کے فوراً بعد خستہ حال، کچے اور کمزور مکانات یا عمارتوں میں رہنے یا کام کرنے سے گریز کریں۔ اگر کسی عمارت میں دراڑیں، جھکاؤ یا کمزوری کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہوں اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے