ننکانہ صاحب: نو تعینات ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کا اچانک دورہ، صفائی، ترقیاتی منصوبوں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا معائنہ

ننکانہ صاحب ( پنجاب پوسٹ ) نو تعینات ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے عہدہ سنبھالتے ہی فیلڈ سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے صفائی کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کی ایمرجنسی کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو عوامی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور شہر میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سیوریج منصوبوں کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر، ناقص کام یا کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بعد ازاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کی ایمرجنسی کا اچانک دورہ کیا، جہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری، صفائی کے انتظامات اور مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات، صاف ستھرا ماحول اور بروقت ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں غفلت، لاپرواہی اور ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی خدمت میں کوتاہی برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے