لاہور ( پنجاب پوسٹ )نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سفارتخانوں کے نام پر آن لائن فراڈ، ڈیٹا ہیکنگ اور جعلی ویزہ اپائنٹمنٹ اسکیم میں ملوث 12 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور نے میڈیا بریفنگ میں انکشاف کیا کہ ملزمان 2019 سے سرگرم تھے اور ان کا نیٹ ورک نہ صرف پاکستانی بلکہ بین الاقوامی شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہا تھا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان سعودی عرب، جرمنی، اٹلی سمیت مختلف ممالک کے سفارتخانوں کے آفیشل نمبرز ہیک کرکے انہیں اپنے نمبرز پر ڈائیورٹ کر دیتے تھے۔ اس کے بعد ویزہ اپائنٹمنٹ، ویزہ ایکسٹینشن اور دیگر قونصلر خدمات کے نام پر شہریوں سے فراڈ کیا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :برکی پولیس کی بروقت کارروائی: 6 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے مختلف سفارتخانوں کی جعلی ویب سائٹس بھی بنا رکھی تھیں اور فیک اپائنٹمنٹ لیٹرز جاری کرتے تھے تاکہ شہریوں کو دھوکہ دیا جا سکے۔ کارروائی کے دوران متعدد موبائل فون، ڈیجیٹل شواہد، جعلی ویزوں کے خاکے، جعلی دستاویزات اور دیگر اہم مواد برآمد کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے سفارتخانوں نے خود این سی سی آئی اے سے رابطہ کرکے شکایات درج کرائی تھیں، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ ملزمان نے مختلف زبانوں کے ماہر افراد بھی اپنے نیٹ ورک میں شامل کر رکھے تھے تاکہ غیر ملکی شہریوں کو بھی آسانی سے نشانہ بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے سنگاپور پولیس کی ایک وردی بھی برآمد ہوئی ہے، جسے استعمال کرکے شہریوں کو سرکاری کارروائی کا تاثر دیا جاتا تھا۔ دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے ایک الگ کارروائی سے متعلق بتایا کہ ایک اور گینگ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو Tycoon 2FA نامی ہیکنگ ایپلیکیشن سے منسلک تھا۔ ان کے مطابق یہ ایپ ٹیلیگرام کے ذریعے فروخت کی جا رہی تھی اور اسے تقریباً 96 ہزار مرتبہ فروخت کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی شکایت سنگاپور حکومت نے پاکستانی حکومت سے کی تھی، جس پر ریاست خود مدعی بن کر کارروائی کر رہی ہے۔ یہ ایپ صارف کے لنک پر کلک کرتے ہی موبائل فون کا ڈیٹا ہیک کر لیتی تھی اور متاثرہ شخص کے فون تک غیر قانونی رسائی حاصل کر لی جاتی تھی۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق کال سینٹرز کے ذریعے ہونے والے سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے ایک جوائنٹ ٹاسک فورس (JTF) قائم کی جا رہی ہے، جس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ٹاسک فورس ملک بھر میں کال سینٹرز کی جانچ کرے گی تاکہ قانونی اور جعلی کال سینٹرز کی نشاندہی کرکے سائبر فراڈ کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔
انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ ویزہ، اپائنٹمنٹ یا قونصلر خدمات کے لیے ہمیشہ متعلقہ سفارتخانے کے آفیشل نمبرز اور سرکاری ویب سائٹس سے ہی رابطہ کریں اور کسی غیر مصدقہ لنک یا ایپ پر ہرگز کلک نہ کریں، کیونکہ ایسی غفلت مالی نقصان اور ذاتی ڈیٹا کی چوری کا سبب بن سکتی ہے۔








