صوبہ پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ مختلف اضلاع میں ہنگامی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
پھالیہ میں دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے سے نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ انتظامیہ نے دریا کے کنارے آباد شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
دوسری جانب تربیلا ڈیم کے سپل ویز وقفے وقفے سے کھولے جانے کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت پانی کی سطح 2 لاکھ 41 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ڈیم میں پانی کی سطح 1506.11 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔
حکام کے مطابق شام 6:30 بجے تک سپل ویز مزید کھولے جائیں گے، جس کے بعد پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: کس علاقے میں کتنی بارش ہوئی؟ اعدادوشمار جاری
تحصیل حضرو کے متعدد علاقوں جن میں غوغشتی، شینکہ، ہارون، دامان، ویسہ، سرک، شادی خان، فورملی، گڑھی متنی، ملاں منصور اور اٹک خورد شامل ہیں، میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر حضرو ڈاکٹر عمران رفیق نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریا کے کنارے جانے سے گریز کریں، نہانے، کشتی رانی اور ماہی گیری سے اجتناب کریں جبکہ بچوں کو دریا کے قریب نہ جانے دیا جائے۔ مویشی پال افراد کو بھی اپنے جانور دریا سے دور رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سپل ویز کھولنے سے قبل مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔













