لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور چڑیا گھر میں جانوروں کے ذہنی دباؤ میں کمی اور ان کی مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی “انرچمنٹ پلان” پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدامات سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق اس منصوبے کے تحت جیگوارز، طوطوں سمیت دیگر جنگلی جانوروں اور پرندوں کو ان کے قدرتی رویوں کے مطابق ماحول، خوراک اور سرگرمیاں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ زیادہ متحرک اور صحت مند زندگی گزار سکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جانوروں کو ذہنی طور پر مصروف رکھنے سے ان میں بوریت، ذہنی دباؤ اور مختلف بیماریوں کے خطرات میں واضح کمی آتی ہے، جبکہ ان کی قدرتی عادات کو فروغ ملتا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق یہ منصوبہ صرف لاہور چڑیا گھر تک محدود نہیں بلکہ پنجاب بھر کے تمام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں بھی مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جانوروں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔














