لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے سینیٹر اسحاق ڈار کی نااہلی کے لیے 2021 میں دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے درخواست غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار کی نااہلی کے لیے 2021 میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو شامل کیا گیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ اسحاق ڈار اب اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ وہ بیرون ملک مقیم رہے ہیں اور پنجاب سے سینیٹر کی حیثیت سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سینیٹر اسحاق ڈار متعدد کیسز میں مطلوب رہے ہیں اور الیکشن کمیشن کو ان کی نااہلی کے لیے درخواست بھی دی گئی تھی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ الیکشن کمیشن کو اسحاق ڈار کو سینیٹر کے عہدے سے نااہل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے، اس لیے اسے مسترد کیا جائے۔
جسٹس حسن نواز مخدوم نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔











