اسلامی جمعیت طلبہ 20 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کرے گی، صاحبزادہ وسیم حیدر

لاہور (پنجاب پوسٹ) ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے لاہور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ملک میں حقیقی میرٹ، جمہوریت اور طلبہ یونین کی بحالی کے لیے بھرپور تحریک چلائے گی،


ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خراجِ تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے 25 کروڑ عوام کا مقدمہ حکمرانوں کے سامنے پیش کیا۔ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کو سپورٹ کریں گے۔

اسلامی جمعیت طلبہ اس لانگ مارچ کا حصہ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور مال روڈ دھرنے کے مقام پر حقوق طلبہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نذیر احمد جنجوعہ، سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ ابو زر غفاری، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، ناظم پنجاب جنوبی حذیفہ عثمان شیخ، معتمد پنجاب شمالی مصعب روحان اور دیگر ذمہ داران نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔

قبل ازیں اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب بھر سے آئے ہوئے کارکنان نے سول لائنز کالج سے مال روڈ دھرنے کے مقام تک پیدل مارچ کیا۔ ناظمِ اعلیٰ نے جماعت اسلامی قیادت اور دھرنوں کے شرکاء کو عوامی جدوجہد جاری رکھنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ سٹوڈنٹ یونین کی بحالی کے لیے بھرپور کوشش اور جدوجہد کریں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان تعلیمی اداروں میں جائیں اور پوری طلبہ کمیونٹی کو حقوق طلبہ تحریک کی پشت پر کھڑا کر دیں۔

صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں حقیقی میرٹ اور جمہوریت کی بالادستی اور طلبہ یونین کی بحالی کے لیے زبردست تحریک چلائیں گے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کے پاس جائیں گے۔

ناظمِ اعلیٰ نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر بھتہ وصول کیا جا رہا ہے۔ فی لیٹر پیٹرول پر 125 روپے لیوی بھتہ وصول کرنا پاکستان کے عوام اور تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے نوجوانوں اور بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ زیادتی ہے، بے روزگار نوجوانوں کو کوئی روزگار نہیں دے رہا ہے، الٹا ان سے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو نچوڑ رہے ہیں۔ سرکاری وسائل کو ذاتی جاگیر کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں، اب بس بہت ہو گیا ہے، نوجوانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے، یہ آپ کے محلات کا بھی گھیراؤ کریں گے۔

ناظمِ اعلیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی بیٹی لندن میں پڑھ رہی ہے، تو آپ نے خود اس نظام پر خود عدم اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹی جامعہ پنجاب میں اساتذہ اور طلبہ احتجاج پر ہیں۔ انتظامیہ اپنی من مانیاں کر رہی ہے۔ انتظامیہ پڑھانے کی بجائے اپنے مراعات میں دلچسپی لے رہی ہے۔ جامعہ سے سیکیورٹی زون بنایا ہے، سیکیورٹی اہلکار غنڈہ گرد اہلکار بنے ہوئے ہیں۔ طلبہ پر حملہ کیا۔شرم کا مقام ہے کہ ہماری جامعات جو مباحثے کے مراکز ہوتی ہیں، وہ احتجاجوں اور سیکیورٹی زون بن گئے ہیں۔ جامعہ پشاور مالی بحران سے گزر رہی ہے، اساتذہ کو اگست ماہ کی تنخواہ نہیں ملی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پنجاب آ کر ڈرامہ بازیاں کرتے ہیں۔

صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ طلبہ کمیونٹی، طلبہ تنظیمیں تعلیمی مسائل اور طلبہ حقوق کے حصول کے لیے اسلامی جمعیت کا ساتھ دیں۔ حکمران تعلیم میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومت طلبہ کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اگر طلبہ مسائل حل نہ ہوئے تو اسلامی جمعیت طلبہ کے پاس لوکل، ریجنل اور صوبائی سطح پر موبلائزیشن کا آپشن موجود ہے۔ اس موقع پر ناظم لاہور مقام عبداللہ عباس، سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ حسنات احمد ڈوگر بھی موجود تھے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے