جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، حافظ نعیم الرحمن

لاہور (پنجاب پوسٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی اور بھتہ ٹیکس کے خلاف لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، لانگ مارچ کس شہر سے شروع کیا جائے گا اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا تاہم لاہور سے شروع کرنے کی تجویز ہے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد کا دھرنا ایک دن پر محیط نہیں ہوگا، حکومت سے مذاکرات جاری ہیں اور مسائل کے حل کے لیے وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی پر جو عوام کی رائے ہے، وہی جماعت اسلامی کی رائے ہے، لانگ مارچ کے حوالے سے جماعت اسلامی کا آج کا اجلاس بہت اہم ہوگا۔ لانگ مارچ صرف اور صرف عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ کے قریب نہیں رہی اور نہ ہی کسی کی بی ٹیم ہے۔ جماعت اسلامی کو حکومت کی بی ٹیم کہنے والے سن لیں کہ ہم نے ان سے کتنے فوائد لیے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے پیٹرول ریلیف پیکج کو ایک اور ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی کی صورت میں دھرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد ہماری ہر تجویز پر کہتا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا۔

حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کا مقصد افراتفری پھیلانا نہیں ہے۔

صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وہ صوبے بننے کے حق میں ہیں، تاہم اس کے لیے بنیادی ڈھانچے کو دیکھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے اندر مقامی حکومتیں سسٹم سے غائب ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے