لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔ باٹا پور کے نواحی علاقے ڈھیال میں مصدقہ خفیہ اطلاع پر متعدد کامیاب چھاپوں کے دوران 24 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی لاہور نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن کی جانب سے کی گئی، جس کے دوران خاتون سمیت دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی ہیروئن کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 7 ڈرونز اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا، جس میں ایک ایس ایم جی رائفل بمعہ 6 میگزینز اور 377 گولیاں، ایک ایم فور رائفل بمعہ ایک میگزین، تین 9 ایم ایم پستول اور 800 سے زائد کارتوس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛لاہور میں جرائم کے خلاف ڈولفن سکواڈ کی بڑی کارروائیاں، کتنے ملزمان گرفتار ہوئے؟
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان کا گروہ لاہور کے رہائشی علاقوں اور تعلیمی اداروں کے قریب منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا۔
ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس، کمانڈر بریگیڈیئر مظہر اقبال کا کہنا ہے کہ لاہور میں کی جانے والی یہ کارروائی منشیات سے پاک اور محفوظ پنجاب کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔








