لاہور (پنجاب پوسٹ) پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا آغاز 19 ستمبر کو قذافی سٹیڈیم میں ہوگا، پہلے میچ میں بیکن ہاؤس اور ایچیسن کالج کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
اوپننگ میچ کے اختتام پر راحت فتح علی خان کا میوزیکل کنسرٹ بھی ہوگا، جبکہ ہفتے کے روز قذافی سٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔
پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے پہلے سیزن کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی، جبکہ ایچیسن کالج اور بیکن ہاؤس کے کپتان پاکستان انڈر 17 کیمپ کے لیے بھی سلیکٹ ہوئے ہیں۔
سیزن 2 کے پہلے میچ میں ایچیسن کالج کی کپتانی دائود توقیر رانا جبکہ بیکن ہاؤس کی قیادت یعقوب خان کریں گے۔ دونوں کپتان سکول کرکٹ کے سیزن 2 کے پہلے میچ میں شرکت کے لیے پرجوش ہیں۔
سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون کے مطابق اس سال 21 ہزار سکول اسٹوڈنٹس ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گے۔
اسامہ شارون نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سکول کرکٹ کے لیے خصوصی بجٹ کی منظوری دی ہے۔ چیئرمین پی سی بی کے ویژن کے مطابق سکولز کو کٹس، کوچز اور گراؤنڈز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
اسامہ شارون نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ ہفتے کے روز قذافی سٹیڈیم آئیں اور سکول کرکٹ کے سیزن اوپنر سے لطف اندوز ہوں۔











