لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹنڈو آدم کے قریب مال بردار ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے بعد ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام شروع کر دیا گیا ہے ،جبکہ اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے اثرات کے پیش نظر مختلف اسٹیشنوں پر کھڑی متعدد مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کے مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے، جبکہ کوٹری اسٹیشن پر موجود علامہ اقبال ایکسپریس کے مسافروں کو بھی ٹکٹوں کی رقم واپس کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: کس علاقے میں کتنی بارش ہوئی؟ اعدادوشمار جاری
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس پاکستان ریلوے کراچی نے کراچی سے روانہ ہونے والی دیگر تمام ٹرینیں بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام متاثرہ مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے۔
ریلوے حکام کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، تاہم دونوں ٹریک مکمل طور پر بحال ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے،جس کے باعث مسافروں کو سفر سے قبل اپنی ٹرین کی صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








