مظفرآباد کل سیاسی طاقت کا مرکز، نواز شریف اور مریم نواز کا بڑا انتخابی جلسہ

آزاد کشمیر(پنجاب پوسٹ)میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کل 21 جولائی کو مظفرآباد میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور پارٹی قیادت اسے آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کا اہم ترین مرحلہ قرار دے رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے دورۂ آزاد کشمیر کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں، عہدیداروں، بلدیاتی نمائندوں اور مختلف انتخابی حلقوں کے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کر کے پارٹی سے اپنی وابستگی کا بھرپور اظہار کریں۔


شاہ غلام قادر کے مطابق جلسے میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سمیت متعدد وفاقی وزراء اور مرکزی رہنما بھی شریک ہوں گے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ آزاد کشمیر کی انتخابی سیاست میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر میں دو بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے، جن میں ایک مظفرآباد جبکہ دوسرا میرپور میں منعقد ہوگا۔ ان جلسوں کے ذریعے پارٹی اپنی انتخابی مہم کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی اور عوام تک اپنی کارکردگی اور آئندہ کے منشور کو پہنچائے گی۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر میں عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر 2026 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آزاد کشمیر میں بروقت، آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ صاف و شفاف انتخابی عمل ہی عوامی مسائل کے پائیدار حل اور جمہوری استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے