بانی پی ٹی آئی کی بہن کے بیان پر گورنر پنجاب کا سخت ردعمل، پاک فوج کے حق میں دوٹوک مؤقف

لاہور(پنجاب پوسٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بانی پی ٹی آئی کی بہن کی جانب سے معرکۂ حق اور پاک فوج سے متعلق دیے گئے متنازع بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے شرمناک اور افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ صرف عوامی جذبات کو مجروح کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بھی نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اختلافات کو سیاست تک محدود رکھیں اور قومی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ محض سستی شہرت حاصل کرنے یا چند ووٹوں کی خاطر ایسے بیانات دینا انتہائی افسوسناک عمل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بری، بحری اور فضائی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلند کیا۔


انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنی قیادت اور خدمات کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مورال بلند کیا ہے، تاہم بعض عناصر اس حقیقت کو برداشت نہیں کر پا رہے اور بے بنیاد بیانات کے ذریعے قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں اور ایسی گفتگو سے گریز کریں جس سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو یا قومی وقار متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن قومی سلامتی اور ریاستی اداروں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ سستی شہرت کی خاطر پوری قوم کی دل آزاری کرنا کسی بھی صورت مناسب نہیں اور ایسے بیانات سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ قومی اتحاد، یکجہتی اور ریاستی اداروں کے احترام کو فروغ دیں۔
سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مستقبل میں پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے