اسلام آباد( پنجاب پوسٹ ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مالی سال 2025-26 کے مربوط مالی گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت مقررہ فارم-ڈی پر 29 اگست 2026ء تک یا اس سے قبل الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گوشوارے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے آڈٹ شدہ اور تصدیق شدہ ہونے چاہئیں، جن میں پارٹی کی سالانہ آمدن و اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثے اور واجبات کی مکمل تفصیلات شامل ہوں۔
کمیشن نے واضح کیا ہے کہ گوشواروں کے ساتھ پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار کے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ کا منسلک ہونا بھی لازمی ہوگا، جس میں اس امر کی تصدیق کی جائے کہ پارٹی نے کسی ممنوعہ ذریعے سے فنڈز وصول نہیں کیے اور فراہم کردہ تمام مالی معلومات درست اور آڈٹ شدہ ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فارم-ڈی میں کسی قسم کی اوور رائٹنگ قابل قبول نہیں ہوگی، جبکہ آڈیٹر کے آئی سی اے پی (ICAP) سے جاری مؤثر رکنیت یا سرٹیفکیٹ کی تجدید شدہ کاپی اور یکم جولائی 2025ء سے 30 جون 2026ء تک تمام بینک اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس بھی ساتھ جمع کرانا ہوں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گوشوارے صرف پارٹی سربراہ کے مجاز عہدیدار کے ذریعے سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر اسلام آباد میں جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ ڈاک، فیکس، کوریئر یا کسی دوسرے ذریعے سے بھیجے گئے گوشوارے قابل قبول نہیں ہوں گے۔













