کرونا وائرس کی جین سیکوینسنگ: لاہور میں 10 کروڑ مالیت کے جدید لیب نے تاریخ کیسے رقم کی؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب کے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف فیصل مسعود بائیو میڈیکل سائنسز میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم جدید بائیو سیفٹی لیول تھری (BSL-3) لیبارٹری کا افتتاح کر دیا۔ یہ جدید لیبارٹری کورونا سمیت دیگر خطرناک وائرسز کی جین سیکوینسنگ، تشخیص اور تحقیق کے لیے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے، جس سے پنجاب میں طبی تحقیق اور متعدی بیماریوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد معین، پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی، ڈاکٹر محمر عمر، پروفیسر ابرار اشرف، سی ای او پروفیسر شعیب نبی، ڈاکٹر عامر جمال گوندل اور پروفیسر نگہت یاسمین سمیت دیگر سینئر اساتذہ اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے جدید لیبارٹری کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا، جن میں ایکسٹریکشن لیب، پوسٹ ایکسٹریکشن لیب، آٹو کلیو سہولت، الائیزا لیب، ڈی این اے اور آر این اے لیبارٹریز شامل تھیں۔ پروفیسر ڈاکٹر نگہت یاسمین نے انہیں لیبارٹری میں دستیاب جدید سہولیات، تحقیقاتی استعداد اور حفاظتی نظام پر بریفنگ دی۔


صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کورونا جیسی خطرناک بیماریوں کی جین سیکوینسنگ اور جدید تحقیق کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے نہ صرف متعدی امراض کی بروقت تشخیص ممکن ہوگی بلکہ مستقبل میں وبائی بیماریوں سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور سائنسی تحقیق کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے