لاہور ( پنجاب پوسٹ ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر کی گئیں، جن کا مقصد سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان سوشل میڈیا پر خواتین کی جعلی پروفائلز اور اکاؤنٹس بنا کر انہیں ہراساں، بلیک میل اور دھمکیاں دینے میں ملوث تھے۔ ملزمان خواتین کی ذاتی معلومات اور تصاویر کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے انہیں ذہنی اذیت کا نشانہ بناتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : غازی آباد پولیس کا بڑا وار، اسلحہ کے زور پر منشیات فروخت کرنے والا ملزم گرفتار
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز سمیت اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید انکشافات اور دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم نے کہا کہ خواتین کے خلاف آن لائن ہراسگی، بلیک میلنگ اور سائبر جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں، خصوصاً خواتین، سے اپیل کی کہ اگر انہیں سوشل میڈیا یا کسی آن لائن پلیٹ فارم پر ہراسگی، جعلی پروفائل یا بلیک میلنگ کا سامنا ہو تو فوری طور پر این سی سی آئی اے سے رابطہ کریں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر میں سائبر جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔










