لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور میں جدید سیوریج انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ٹنل بورنگ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے سیوریج لائنوں کی تعمیر کا منصوبہ تیزی سے عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید سمیت متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت لاہور میں 32 کلومیٹر سے زائد نئی سیوریج لائنیں جدید ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے بچھائی جائیں گی۔ یہ جدید نظام دھرمپورہ سے گلشن راوی تک سیوریج نیٹ ورک کی تعمیر پر مشتمل ہوگا، جس سے شہر کے لاکھوں شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولت میسر آئے گی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ منصوبے کے آغاز سے قبل تمام قانونی تقاضے اور تکنیکی شرائط مکمل کی جائیں جبکہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق یہ منصوبہ شہری سہولیات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور لاہور کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کی بدولت زمین کی سطح پر کھدائی کی ضرورت نہ ہونے کے برابر ہوگی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوگی اور شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں مشکلات کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے بارشوں کے موسم میں بھی سیوریج لائنوں کی تعمیر کا عمل جاری رکھا جا سکے گا۔
نورالامین مینگل نے کہا کہ منصوبہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے سے 25 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی جبکہ ٹنل بورنگ منصوبے کے ذریعے لاہور کے بڑے حصے کے سیوریج انفراسٹرکچر کو ازسرِنو جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔














