لاہور( پنجاب پوسٹ ) سٹی ٹریفک پولیس نے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر رات گئے "مڈنائٹ بیگرز آپریشن” کے دوران مختلف ٹریفک سگنلز سے 109 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی انچارج بیگرز اسکواڈ انسپکٹر فہمیدہ کی سربراہی میں کی گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں 57 مرد، 42 خواتین، 8 بچے اور 2 خواجہ سرا شامل ہیں۔ گرفتار بھکاریوں کو سوشل ویلفیئر، ایدھی ہومز جبکہ لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : تین سال قبل چوری ہونے والا رکشہ ڈولفن سکواڈ کو اچانک کیسے ملا؟
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ شہر کے کسی بھی ٹریفک سگنل پر بچہ، خاتون، بزرگ، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والا نظر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو فیلڈ عملے سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے بتایا کہ گداگری کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر بڑی بسیں فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ نادرا کے تعاون سے گرفتار بھکاریوں کا ڈیٹا حاصل کر کے عادی گداگروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جا رہی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ رات کے وقت ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھکاریوں کی تلاش بھی جاری ہے۔ ان کے مطابق گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، جبکہ عادی گداگر عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹریفک پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔














