لاہور(پنجاب پوسٹ) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر بھر میں قائم غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ ڈرائیونگ اسکولز کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج سے بغیر رجسٹریشن اور متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے کوئی بھی پرائیویٹ ڈرائیونگ اسکول کام نہیں کر سکے گا۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ موٹر وہیکل رولز 1969 کے رول 23 کے مطابق ڈرائیونگ اسکولز کی رجسٹریشن اور آپریشن کے لیے تمام قانونی تقاضوں پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔ صرف وہی ڈرائیونگ اسکول رجسٹریشن کے اہل ہوں گے جو مقررہ قواعد و ضوابط پر مکمل طور پر پورا اتریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہر رجسٹرڈ ڈرائیونگ اسکول کے لیے ڈوئل پیڈل کنٹرول سے لیس تربیتی گاڑی، مناسب اور باقاعدہ عمارت، کلاس روم، اور تربیت یافتہ و مستند انسٹرکٹرز کی دستیابی لازمی ہوگی۔ ان شرائط کے بغیر کسی بھی ادارے کو ڈرائیونگ کی تربیت دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں جرائم کے خلاف ڈولفن سکواڈ کی بڑی کارروائیاں، کتنے ملزمان گرفتار ہوئے؟
عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ رجسٹرڈ ڈرائیونگ اسکولز شہریوں سے صرف منظور شدہ اور مناسب فیس وصول کرنے کے پابند ہوں گے، جبکہ زائد یا غیر قانونی فیس وصول کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گیسی ٹی او لاہور نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس کا مقصد شہریوں کو معیاری، محفوظ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈرائیونگ ٹریننگ فراہم کرنا ہے تاکہ نئے ڈرائیور ٹریفک قوانین سے مکمل آگاہی کے ساتھ سڑکوں پر آئیں اور حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ کی تربیت صرف قانون کے مطابق رجسٹرڈ اور منظور شدہ ڈرائیونگ اسکولز سے حاصل کریں اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ ڈرائیونگ اسکول کی اطلاع لاہور ٹریفک پولیس کو دیں۔
سی ٹی او لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محفوظ ڈرائیونگ کلچر کے فروغ، ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر قانونی ڈرائیونگ اسکولز کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی














