لاہور: پنجاب پولیس میں بھرتیوں کے نام پر شہریوں سے مبینہ طور پر رقم بٹورنے کے الزام میں ایک پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تھانہ بادامی باغ میں پولیس اہلکار عبدالحق کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کی دفعات 419 اور 420 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق درخواست گزار صفیہ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے محلے دار عبدالحق، جو پولیس میں گریڈ 11 کا ملازم ہے، نے ان کے بیٹے اور بیٹی کو پولیس میں بھرتی کروانے کا جھانسہ دے کر تقریباً تین سے چار سال قبل 5 لاکھ 30 ہزار روپے وصول کیے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ عبدالحق کی اہلیہ بھی محکمہ پولیس میں درجہ چہارم کی ملازم ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم نہ تو درخواست گزار کے بچوں کو پولیس میں بھرتی کروا سکا اور نہ ہی پوری رقم واپس کی۔
رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزم نے ایک لاکھ روپے واپس کیے، جبکہ بعد ازاں وہ اور اس کی اہلیہ مبینہ طور پر ملتان تبادلہ کروا کر چلے گئے۔
درخواست گزار نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ عبدالحق نے محلے کے دیگر افراد کو بھی پولیس میں بھرتی کروانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کیے۔
متاثرہ خاتون کی درخواست پر آئی جی پنجاب کی ہدایت کے بعد تھانہ بادامی باغ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔













