قصور(پنجاب پوسٹ) کی تحصیل پتوکی میں نیند کی حالت میں گھر سے نکل جانے والی پانچ سالہ بچی کو صدر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باحفاظت بازیاب کر کے والد کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملتان روڈ بائی پاس پتوکی کے رہائشی کاشف اپنی فیملی کے ہمراہ گھر میں سو رہے تھے کہ رات تقریباً 12 بجے ان کی پانچ سالہ بیٹی ایمان فاطمہ اچانک لاپتہ ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ون فائیو کے ذریعے صدر تھانہ پتوکی پولیس کو آگاہ کیا گیا۔ایس ایچ او صدر پتوکی معروف خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مین ملتان روڈ کے اطراف ٹارچ کی مدد سے تلاش شروع کی۔
یہ بھی پڑھیں:محافظ یا لٹیرے” لاہور کے پوش علاقے میں چار روز تک لوٹنے والے ڈاکو پولیس اہلکار نکلے
سرچ آپریشن کے دوران گھر سے تقریباً آدھا کلومیٹر کے فاصلے پر ایک شیڈ کے نیچے بچی کو بحفاظت بیٹھا ہوا پایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کو کسی نے اغوا نہیں کیا تھا، بلکہ گھر کا دروازہ کھلا ہونے کے باعث وہ نیند کی حالت میں پیدل چلتے ہوئے باہر نکل گئی تھی۔ بعد ازاں پولیس نے بچی کو بحفاظت والد کے حوالے کر دیا۔













