ملتان( پنجاب پوسٹ) ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز پر متحدہ عرب امارات جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
کارروائی کے دوران تین مسافروں کو آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا، جبکہ ان کی امیگریشن کلیئرنس میں مبینہ معاونت کرنے والے ایک امیگریشن اہلکار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق محمد آکاش، شہازیب اور محمد شعیب فلائٹ نمبر FZ-326 کے ذریعے یو اے ای روانہ ہو رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مسافروں نے حاصل پور سے تعلق رکھنے والے ایجنٹوں کی مدد سے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز حاصل کیے، جو انہیں واٹس ایپ کے ذریعے بھجوائے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ملتان ایئرپورٹ پر سائبر فراڈ نیٹ ورک بے نقاب
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر خود کو "او کے ٹو بورڈ” کروانے کی کوشش کی، تاہم امیگریشن حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ مسافروں کے قبضے سے خفیہ طور پر چھپائے گئے عمرہ ویزے سے متعلق دستاویزات، جعلی سفری دستاویزات اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں کا منصوبہ یو اے ای پہنچ کر عمرہ ویزے کی دستاویزات پیش کرنا اور بعد ازاں سعودی عرب سے غیر قانونی طریقے سے دیگر ممالک کا سفر کرنا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ امیگریشن اہلکار نے مبینہ طور پر مسافروں کی کلیئرنس میں معاونت کی اور سسٹم میں غلط معلومات درج کیں۔














