ملتان (پنجاب پوسٹ) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزٹ ویزوں پر سفر کرنے والے دو مشکوک مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی شناخت ولید الغنی اور محمد یار کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق بالترتیب ملتان اور لودھراں سے ہے۔ پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر میں پروفائلنگ اور موبائل فونز کے ابتدائی جائزے کے دوران ان کے مبینہ بین الاقوامی آن لائن فراڈ نیٹ ورکس سے روابط کے شواہد سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھیں: کرایہ داری ایکٹ پر سختی، لاہور میں 1221 ملزمان گرفتار
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں مسافر ماضی میں کمبوڈیا جا چکے تھے اور مشکوک سفری حالات کے باعث پہلے بھی آف لوڈ کیے جا چکے تھے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کے مطابق ملائیشیا کے وزٹ ویزوں کا مبینہ طور پر سائبر فراڈ اور آن لائن اسکیمنگ کے لیے غلط استعمال کیا جانا تھا، جبکہ دورانِ تفتیش پاکستانی شہریوں کو سائبر فراڈ سرگرمیوں کے لیے بیرونِ ملک بھجوانے سے متعلق اہم معلومات بھی حاصل ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے نے دونوں مسافروں کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور سفری دستاویزات کے غلط استعمال کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔










