لاہور(پنجاب پوسٹ) مس ورلڈ پاکستان 2026ء کا تاج اپنے نام کرنے والی انیقہ معراج رواں سال ویتنام میں ہونے والے مس ورلڈ 2026ء مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ پاکستان مس ورلڈ مقابلے میں باضابطہ طور پر شریک ہوگا، جسے ملک کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
مس ورلڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مقابلے کا 75 واں سالگرہ ایڈیشن 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہوگا۔ 24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس کی گریجویٹ ہیں، جبکہ اکاؤنٹنگ اور آڈٹنگ ان کا خصوصی شعبہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننا چاہتی ہیں اور بچوں کے حقوق، خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی کام کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔
انیقہ معراج کی تاج پوشی کی تقریب لاہور کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022ء ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللہ گجر نے انہیں تاج پہنایا۔ منتظمین کے مطابق انیقہ معراج بیوٹی مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں، وہ اب تک چھ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کر چکی ہیں اور چار اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔ اس سے قبل ایریکا رابن اور روما ریاض مس یونیورس سمیت دیگر عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں، تاہم مس ورلڈ میں پاکستان کی یہ پہلی شرکت ہوگی۔













