لاہور: کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، جرمانے کے ساتھ گاڑی بھی بند

لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے کم عمر، بغیر لائسنس ڈرائیورز اور موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف آج اور کل شہر بھر میں خصوصی جنرل ہولڈ اپ کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں اور ٹرپل سواری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کم عمر ڈرائیور کے زیر استعمال گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کر دی جائے گی، جبکہ جووینائل پرمٹ پیش کیے جانے پر ہی موٹرسائیکل چھوڑنے پر غور کیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کے روز بڑی تعداد میں کم عمر بچے موٹرسائیکل، گاڑیاں اور رکشے لے کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں، جو حادثات کی ایک بڑی وجہ بنتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو کسی بھی صورت گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور کے تاریخی مقامات کی خوبصورتی اور ٹریفک نظام بہتر بنانے کے اقدامات تیز

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر پانچ ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر دو ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، اس کے ساتھ گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کر دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ کیا جائے گا تاکہ بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں کے لائسنس بنوائے جا سکیں۔

انہوں نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کو مؤثر اور یقینی بنائیں۔سی ٹی او لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کم عمر ڈرائیونگ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانا کسی صورت قابل قبول نہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے