سیالکوٹ ( پنجاب پوسٹ ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، ایمن آباد روڈ اور پسرور روڈ کو آپس میں منسلک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ اور فلائی اوور منصوبے شہر میں انقلابی تبدیلی لائیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف معاشی مشکلات کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
خواجہ آصف کے مطابق زیر تعمیر فلائی اوور سے وزیرآباد روڈ تک بہتر رسائی میسر آئے گی اور مستقبل میں اسے رنگ روڈ سے بھی جوڑا جائے گا، جس سے شہری آمدورفت، صنعتی سرگرمیوں اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور کے تاریخی مقامات کی خوبصورتی اور ٹریفک نظام بہتر بنانے کے اقدامات تیز
وفاقی وزیر نے کہا کہ دو سال قبل سیالکوٹ کی خدمت کا جو سفر شروع کیا تھا، اس میں شہر کی نمائندگی کا حق ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام کے سامنے ترقیاتی منصوبوں کی مکمل کارکردگی پیش کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کھاریاں سے راولپنڈی (روات) تک موٹروے منصوبے کا تقریباً 205 ارب روپے کا ٹھیکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو دیا جا چکا ہے، جبکہ دریائے چناب پر پل کی تعمیر بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ موٹروے منصوبہ خطے کی معاشی ترقی اور قومی دفاع دونوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ ماضی میں نظرانداز ہونے والے سیالکوٹ کو میاں محمد نواز شریف نے موٹروے جیسے بڑے منصوبے کی صورت میں ترقی کا تاریخی تحفہ دیا۔













