لاہور ( پنجاب پوسٹ ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، جبکہ ملک دشمن عناصر مذہبی منافرت اور انتشار پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں وائس چیئرمین بین المذاہب امن کمیٹی پنجاب صاحبزادہ پیر سید ضیغم عباس کی سربراہی میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے محرم کے دوران مثالی پرامن ماحول برقرار رکھنے پر علماء کرام اور مذہبی قائدین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں محبت، برداشت، اخوت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے علماء کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ، سنی، دیوبندی اور بریلوی سب ایک امت کا حصہ ہیں اور اتحاد ہی ملک کی طاقت ہے۔ گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں قومی اتحاد اور داخلی استحکام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔








