لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کی رجسٹریشن، نگرانی اور ریگولیشن کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں این جی اوز سے متعلق قوانین میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں مختلف اضلاع کے سوشل ویلفیئر افسران، لاء کنسلٹنٹس اور متعلقہ ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں Voluntary Social Welfare Agencies Ordinance, 1961 اور Rules, 1962 میں ضروری ترامیم کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
شرکاء نے این جی اوز کی رجسٹریشن، تجدید رجسٹریشن اور مؤثر نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ شفاف، جامع اور قابلِ عمل قانونی فریم ورک کی تشکیل پر بھی مشاورت مکمل کی گئی۔
اجلاس میں فلاحی تنظیموں میں شفافیت، جوابدہی اور گڈ گورننس کے فروغ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ مجوزہ ترامیم سماجی بہبود کے شعبے میں مضبوط قانونی اور انتظامی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق فلاحی اداروں کے لیے جدید، مؤثر اور شفاف ریگولیٹری نظام کی ضرورت ہے تاکہ عوامی اعتماد میں اضافہ ہو اور سماجی خدمات کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر این جی او سیکٹر کو مزید منظم، شفاف اور مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا









