لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں نکاسی آب کے نظام کو جدید بنانے کے لیے واسا کو نئی مشینری فراہم کرنے کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں پنجاب کے 15 اضلاع میں جدید ترین 272 سیوریج مشینوں کی فراہمی مکمل کر دی گئی، جبکہ 41 اضلاع میں مجموعی طور پر 696 مشینیں اور آلات فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔
لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیوریج مشینوں کی علامتی چابیاں متعلقہ واسا حکام کے حوالے کیں۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی پروٹوکول کم کرتے ہوئے واسا ورکرز کو اپنے پاس بلایا، ان سے ملاقات کی، گروپ فوٹو بنوایا اور انہیں دلجمعی اور محنت سے فرائض انجام دینے کی تلقین کی۔
یہ بھی پڑھیں:فاروق آباد میں “ستھرا پنجاب” ملازمین کا احتجاج، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کام چھوڑ دیا
بریفنگ میں صوبائی وزیر بلال یٰسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں واسا کو 12 اقسام کی جدید مشینیں فراہم کی گئی ہیں، جن میں لوڈر رکشہ، ٹریکٹر ٹرالی، سیور ونچ مشین، ڈی سلٹنگ مشین، سیور جیٹنگ مشین، ڈی واٹرنگ پمپ، واٹر باؤزر، ڈمپ ٹرک، ٹریکٹر، بیکو، سیور سکشن مشین، وہیل ایکسکیویٹر اور ٹرک بوم کرین شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہر شہر اور ہر شہری کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں واسا کے نیٹ ورک کو 2 سے بڑھا کر 41 اضلاع تک توسیع دی جا چکی ہے اور عوام کی سہولت کے لیے سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔








