فاروق آباد میں “ستھرا پنجاب” ملازمین کا احتجاج، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کام چھوڑ دیا


فاروق آباد (پنجاب پوسٹ) فاروق آباد میں دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف “ستھرا پنجاب” کے سینیٹری ورکرز، سپروائزرز اور ویسٹ کلیکٹرز کا صبر جواب دے گیا۔ ملازمین نے کام چھوڑ کر شہر کی اہم شاہراہ پر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اور انتظامیہ و ٹھیکیداروں کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے، جن پر “ہمیں ہماری مزدوری دو”، “بچوں کا فاقہ بند کرو” اور “ستھرا پنجاب ورکرز کا استحصال بند کرو” جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے میونسپل کمیٹی آفس کے باہر دھرنا دیا جس کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

احتجاج کرنے والے ورکرز کا کہنا تھا کہ گھروں میں راشن ختم ہو چکا ہے اور دکانداروں نے مزید ادھار دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں شہر کی صفائی کرنے کے باوجود انہیں ان کی محنت کا معاوضہ نہیں دیا جا رہا۔

سینیٹری ورکرز نے اعلان کیا کہ جب تک ان کے بینک اکاؤنٹس میں گزشتہ دو ماہ کی تنخواہیں منتقل نہیں کی جاتیں، شہر بھر میں صفائی کا کام مکمل طور پر معطل رہے گا۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر فوری ادائیگی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ پورے ضلع شیخوپورہ تک پھیلا دیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

ورکرز نے مطالبہ کیا کہ ان کی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔




Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے