آزاد کشمیر انتخابات، راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کا انتخابی دفتر کھل گیا، مریم اورنگزیب نے ترقی اور کارکردگی کو انتخابی ایجنڈا قرار دے دیا

راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ ) آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز تیز کر دیا۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کا سفر صرف مسلم لیگ (ن) ہی آگے بڑھا سکتی ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما طاہرہ اورنگزیب سمیت دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ مریم اورنگزیب نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور نواز شریف کا رشتہ دل اور خون کا رشتہ ہے، جبکہ قائداعظم کے وژن کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسے پاکستان سے جدا نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر سے مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبے نکال دیے جائیں تو صرف کھنڈرات باقی رہ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں ترقی، امن، صاف پانی، دیہی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو نئی رفتار دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر کشمیری عوام پنجاب کی طرز پر ترقی، معیاری تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور محفوظ ماحول چاہتے ہیں تو انہیں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینا ہوگا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ووٹ مانگنے والوں سے ان کی گزشتہ کارکردگی ضرور پوچھیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان شاء اللہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں شیر ہی کامیاب ہوگا۔ جلسے کے دوران کارکنوں نے "کشمیر بنے گا پاکستان”، "مریم نواز زندہ باد” اور "تیری آواز، میری آواز، مریم نواز” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے