کیا جماعت اسلامی لاہور کے مطالبات پر حکومت مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور پٹرول بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرے گی؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)سید مودودی اسلامک سنٹر میں جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری، عوامی مسائل، ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال اور تنظیمی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء انجینئر اخلاق احمد، خالد احمد بٹ، ملک شاہد اسلم، چوہدری محمد شوکت، وقاص احمد بٹ، امرائے اضلاع، مختلف شعبہ جات کے صدور اور جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لیے جامع پلاننگ کی گئی جبکہ جماعت اسلامی لاہور کے اجتماعِ ارکان کے بڑے پروگرام کی تیاریوں پر بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں شہر بھر میں غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ، مارکیٹوں اور بازاروں میں خودساختہ مہنگائی، شہریوں کو درپیش مشکلات اور پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے مصنوعی پٹرول بحران پیدا کرنے کی مبینہ کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور حکومت پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرے۔

اجلاس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ ملک بھر میں تیل کی سپلائی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے ساتھ ساتھ شدید گرمی کے موسم میں شہری علاقوں میں بند واٹر فلٹریشن پلانٹس اور صفائی کے ناقص انتظامات پر انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، بگڑتی امن و امان کی صورتحال اور جاری سیاسی عدم استحکام پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکمرانوں کا جمہوری اصولوں سے انحراف موجودہ مسائل کی بنیادی وجہ ہے، جبکہ قومی بحرانوں کے حل کے لیے سیاسی مکالمے کے نئے دور کا آغاز ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی لاہور شہر کو مسائل سے پاک بنانے اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی اور ہر سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے