لاہور(پنجاب پوسٹ)میں پتنگ بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ہربنس پورہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی بھاری کھیپ پکڑ لی۔ پولیس نے دو بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جبکہ ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی پتنگیں اور خطرناک کیمیکل ڈور برآمد کر لی گئی۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ہربنس پورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دورانِ چیکنگ ملزمان نوید اور عمران کو مختلف اضلاع میں پتنگیں اور قاتل ڈور سپلائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تقریباً 2 ہزار پتنگیں اور 110 کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کر لیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ آن لائن ذرائع سے پتنگیں اور ڈور منگوا کر مختلف مقامات پر سپلائی کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں تاکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی ہے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔








