اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) اسلام آباد حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے بار بار مذاکرات کی پیشکش کے باوجود تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسپیکر قومی اسمبلی سے انفرادی ملاقاتیں تو کرتے رہے ہیں، تاہم انہوں نے کبھی مذاکرات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ حکومتی موقف کے مطابق چیئرمین بیرسٹر گوہر، چیف وہپ عامر ڈوگر، اسد قیصر، جنید اکبر اور عاطف خان متعدد بار اسپیکر سے ملاقات کر چکے ہیں، لیکن بات چیت کے لیے کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، اسی لیے حکومت کی پیشکش کو قبول نہیں کیا جا رہا۔ مزید کہا گیا کہ پارٹی کے سوشل میڈیا دباؤ کے باعث سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز بھی مذاکرات سے گریز کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ان سے مذاکرات کے لیے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے براہِ راست رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے فلور پر وزیراعظم اور وہ خود متعدد بار مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ ان کے چیمبر کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہیں اور وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاسی قیادت کے درمیان مکالمے کے حامی ہیں۔













