وہاڑی(پنجاب پوسٹ) وہاڑی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مردہ مرغیوں کی بڑی کھیپ پکڑ کر ممکنہ طور پر مضرِ صحت گوشت کی سپلائی ناکام بنا دی۔ ضلع کے علاقے 155 ڈبلیو بی ٹھینگی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک لوڈر رکشے سے 20 من سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کر لیں۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد ہونے والی مردہ مرغیاں مختلف ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کی جانی تھیں۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام مردہ مرغیاں موقع پر تلف کر دیں، جبکہ سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ کارروائی کے دوران استعمال ہونے والا لوڈر رکشہ بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں:خانیوال: نئی ڈپٹی کمشنر متحرک، چارج سنبھالتے ہی فیلڈ میں پہنچ گئیں
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ مردہ اور حرام گوشت کا کاروبار کرنے والے عناصر عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے والے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔










