روایتی میٹرز کا خاتمہ، لیسکو کا اسمارٹ سسٹم متعارف


لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے پنجاب حکومت کے مختلف محکموں میں اے ایم آئی (AMI) اسمارٹ میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام وزارتِ توانائی کی ہدایات کے تحت کیا جا رہا ہے جس کا مقصد بجلی کے نظام کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اگست تک ایک ہزار اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ مجموعی طور پر لیسکو ریجن میں پنجاب حکومت کے اداروں کے 8,342 سنگل فیز نان اے ایم آئی میٹرز کو جدید اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کیا جائے گا۔


حکام کا کہنا ہے کہ اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز کی مدد سے بجلی کی ریڈنگ، بلنگ اور مانیٹرنگ کا نظام مزید شفاف اور بہتر ہو جائے گا، جس سے صارفین کو بھی سہولت ملے گی اور نظام میں بہتری آئے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق اوکاڑہ سرکل میں پنجاب حکومت کے اداروں کے سب سے زیادہ 1,811 نان اے ایم آئی میٹرز موجود ہیں، جہاں ترجیحی بنیادوں پر تنصیب کا عمل تیز کیا جا رہا ہے۔ لیسکو انتظامیہ نے تمام سرکلز کو فوری الاٹمنٹ اور تنصیب مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کے نظام میں ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت کو فروغ ملے گا، جبکہ لیسکو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کو بہتر اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے