لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے ملک بھر کی خواتین اور مرد نرسز کے دورانِ ڈیوٹی یونیفارم دوبارہ سفید رنگ میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
جاری مراسلے کے مطابق خواتین نرسز سفید شلوار قمیض، سفید کوٹ، سفید دوپٹہ اور کالے جوتے پہنیں گی، جبکہ سردیوں میں کالے رنگ کی جرسی یا کوٹ استعمال کریں گی۔ مرد نرسز کے لیے سفید شرٹ، سفید ٹراؤزر، کالے جوتے اور سردیوں میں کالے رنگ کی جرسی یا کوٹ مقرر کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی یو، آپریشن تھیٹر، نیونیٹل آئی سی یو اور پی آئی سی یو میں خدمات انجام دینے والی نرسز اپنے متعلقہ اسپتال کی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق یونیفارم پہنیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے جنوری 2024 میں نرسز کی سفید یونیفارم تبدیل کرکے گہرے نیلے رنگ کی یونیفارم متعارف کروائی تھی، تاہم اڑھائی سال بعد دوبارہ سفید یونیفارم بحال کر دی گئی ہے۔









