لاہور ( پنجاب پوسٹ ) محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ دو ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق صوبہ بھر میں ناجائز منافع خوری، اوور چارجنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق پنجاب میں 1,635 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فرائض انجام دے رہے ہیں، جنہوں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 10 لاکھ 30 ہزار 918 چھاپے مارے۔
یہ بھی پڑھیں :جعلی انوائسنگ اور ٹیکس چوری کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی کا شکنجہ مزید سخت
رپورٹ کے مطابق ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر 5,395 دکانداروں اور سٹور مالکان کو بھاری جرمانے اور وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ اوور چارجنگ کے مرتکب 50,283 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 94 لاکھ 18 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ ناجائز منافع خوری پر 71 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 1,746 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث 209 دکانیں اور گودام بھی سیل کیے گئے۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کا کہنا تھا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ، اشیائے خورونوش کی مناسب قیمتوں پر دستیابی اور معیاری اشیاء کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔










