لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹریفک پولیس نے جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا۔ بھٹہ چوک کے علاقے میں ای چالان سے بچنے کے لیے گاڑی پر نمبر پلیٹ کی جگہ "کھوکھر” لکھوانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم، جس کی شناخت علی کھوکھر کے نام سے ہوئی، نے نمبر پلیٹس کی جگہ اپنا نام درج کروا رکھا تھا تاکہ ای چالان اور سکیورٹی اداروں کی نگرانی سے بچ سکے۔ ملزم کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج کرکے اسے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق جعلی، بوگس اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ مہم کے دوران بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 103 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ بغیر نمبر پلیٹس یا "اپلائیڈ فار” گاڑیوں کو 20 ہزار 823 چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ننکانہ: تجاوزات آپریشن کے دوران پیرا فورس اہلکار پر تشدد کا الزام
انہوں نے بتایا کہ فینسی یا ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 38 ہزار 450 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ نمبر پلیٹس میں ردوبدل، انہیں ٹیڑھا میڑھا لگانے یا گاڑی کا ماڈل چھپانے پر 10 ہزار 646 گاڑیوں کو بھی چالان کیے گئے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران 50 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی کی منتقلی کی صورت میں پرانے نمبر کے بجائے نیا یونیورسل رجسٹریشن نمبر استعمال کریں، جبکہ بوگس نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔













