ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) گورو بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پیرا فورس کے اہلکار پر ایک دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام سامنے آیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں اہلکار اور دکاندار کے درمیان ہاتھا پائی دیکھی جا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دکان کے باہر کھڑی ریڑھی ہٹانے کے تنازع پر دکاندار اور پیرا فورس اہلکار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔ الزام ہے کہ اہلکاروں کے تشدد سے دکاندار زخمی ہوگیا، جبکہ واقعے کی ویڈیو بنانے والے ایک راہگیر بچے کا موبائل فون بھی مبینہ طور پر پیرا فورس کے انفورسمنٹ افسر اسامہ نے چھین لیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: پنجاب کارڈیولوجی اسپتال میں اغوا کی واردات میں ملوث خاتون گرفتار
دوسری جانب ریڑھی بانوں نے پیرا فورس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اہلکار آئے روز رشوت وصول کرتے ہیں، بغیر رسید جرمانے کرتے ہیں اور پکڑے جانے والے ریڑھی بانوں کو سارا دن دفتر میں بٹھائے رکھتے ہیں۔
متاثرہ دکاندار نے پیرا فورس اہلکار کے خلاف مقامی تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے، جبکہ ایس ڈی او پیرا کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔













