پنجاب میں نواز شریف سکولز آف ایمیننس کا آغاز، لاکھوں بچوں کو مفت اور عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جائے گی: رانا سکندر حیات

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے بچوں کو نواز شریف سکولز آف ایمیننس کا تاریخی تحفہ دے کر معیاری اور مفت تعلیم کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ڈویژن کی سطح پر نواز شریف سکولز آف ایمیننس باقاعدہ فعال ہونا شروع ہو گئے ہیں، جہاں جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکول کا افتتاح ایک طالبعلم کے ہاتھوں کروا کر ایک مثبت اور منفرد مثال قائم کی ہے، جو بچوں کی اہمیت اور تعلیم سے حکومت کی وابستگی کا واضح اظہار ہے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق نواز شریف سکولز آف ایمیننس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیے گئے ہیں اور یہ منصوبہ جدید تعلیمی نظام کی بہترین مثال ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سکولز آف ایمیننس میں فرینڈلی کلاس رومز، روبوٹکس لیبز، سائنس، کمپیوٹر اور اسٹیم (STEM) لیبز سمیت عالمی معیار کی تمام جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں 300 نواز شریف سکولز آف ایمیننس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مستقبل میں اس منصوبے کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سے مستفید ہو سکیں۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سکولز آف ایمیننس میں ہر سال پانچ سے دس لاکھ بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ ان اداروں میں جدید انفراسٹرکچر، اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملہ اور معیاری تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی، جبکہ امیر اور غریب کے بچے ایک ہی چھت تلے یکساں تعلیمی مواقع حاصل کریں گے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ اگر حکومت خود ایسے ماڈل تعلیمی ادارے تعمیر اور چلاتی تو اس پر اربوں روپے خرچ ہوتے، تاہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے ذریعے قومی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکولز آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں ایک ایک نشست کے مقابلے میں متعدد امیدواروں نے درخواستیں دیں۔ ان کے مطابق داخلہ ٹیسٹ میں ریکارڈ شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ساہیوال ڈویژن کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دیگر ڈویژنز میں بھی خود جا کر نواز شریف سکولز آف ایمیننس کا افتتاح کریں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان جدید تعلیمی اداروں کے قیام سے نجی تعلیمی شعبے میں بھی مثبت مقابلے کا رجحان پیدا ہوگا، جبکہ حکومت صوبے بھر میں ایسے ماڈل تعلیمی اداروں کا جال بچھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے