لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس نے کرایہ داری ایکٹ پر مؤثر عملدرآمد کے لیے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال اب تک خلاف ورزی پر 863 مقدمات درج اور 1221 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق صدر ڈویژن سے 300، اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 321 اور سٹی ڈویژن سے 231 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 لاکھ سے زائد انسپکشنز، کروڑوں روپے جرمانے
انہوں نے کہا کہ کرایہ داروں کی آڑ میں چھپے جرائم پیشہ عناصر سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے تمام مکان مالکان اپنے کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی فوری رجسٹریشن یقینی بنائیں۔ سی سی پی او نے خبردار کیا کہ بغیر تصدیق مکان کرائے پر دینے والے مالکان بھی قانون کی گرفت میں آئیں گے، جبکہ پولیس افسران کو کرایہ داروں اور نجی ملازمین کی سو فیصد رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔








