لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ دو ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق پنجاب بھر میں 1635 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 10 لاکھ 30 ہزار 918 انسپکشنز کیں۔
رپورٹ کے مطابق ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر 5 ہزار 395 دکانداروں اور اسٹور مالکان کو بھاری جرمانے اور وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ اوورچارجنگ کے مرتکب 50 ہزار 283 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 94 لاکھ 18 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ ناجائز منافع خوری پر 71 مقدمات درج کیے گئے اور 1 ہزار 746 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے الزام میں 209 دکانیں اور گودام سیل کیے گئے۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی کا کہنا تھا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ اور معیاری اشیائے خور و نوش کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔









