لاہور( پنجاب پوسٹ) کے علاقے شادمان میں واقع پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی (PIC) میں مبینہ طور پر 11 ماہ کے بچے کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پولیس کے مطابق شبیر نامی شہری اپنی اہلیہ کے ہمراہ چیک اپ کے لیے اسپتال آیا ہوا تھا۔ اسی دوران ملزمہ طیبہ اپنی چھوٹی بہن جنت کے ساتھ مبینہ طور پر بچے کی ریکی کرتی رہی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمہ نے بہانے سے بچے کو والدین سے الگ کیا اور اسے لے کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے شادمان پولیس نے ملزمہ کو اسپتال سے ہی حراست میں لے لیا۔
ایس ایچ او شادمان کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
دوسری جانب ایس پی ماڈل ٹاؤن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔








