گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) علی پور چٹھہ میں مبینہ طور پر پولیس کارروائی کی اطلاع ملزمان تک پہنچانے کے الزام میں ایک پولیس کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ مقدمہ نمبر 163/12، بجرم دفعہ 380 تعزیراتِ پاکستان میں مطلوب اشتہاری ملزم محمد یسین ولد محمد انور، سکنہ ساہیانوالہ، ایک مخصوص مقام پر موجود ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا، تاہم وہاں پہنچنے پر مطلوب ملزم سمیت دیگر افراد موجود نہیں تھے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران یہ الزام سامنے آیا کہ پولیس کانسٹیبل علی حسن بٹ نے مبینہ طور پر کارروائی سے قبل متعلقہ افراد کو آگاہ کر دیا تھا، جس کے باعث مطلوب ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نو شہرہ ورکاں : عدالتی پیشی سے واپسی پر مخالفین کی فائرنگ سے شہری جان سے گیا
اس الزام کے بعد ایس ایچ او تھانہ علی پور چٹھہ، مشتاق حسین نون نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کانسٹیبل علی حسن بٹ کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور حقائق کی روشنی میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے ایس ایچ او تھانہ علی پور چٹھہ اور پولیس حکام کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اگر تحقیقات میں الزامات ثابت ہو جائیں تو ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ محکمہ پولیس کی ساکھ اور عوام کا اعتماد برقرار رہ سکے۔














