گوجرانوالہ ( پنجاب پوسٹ ) گوجرانوالہ کے علاقے نوشہرہ ورکاں میں کچہری سے پیشی کے بعد گھر واپس جانے والے میاں بیوی پر مخالفین نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں شوہر فضل عباس جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ محفوظ رہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول فضل عباس اپنی اہلیہ کے ہمراہ پیشی سے واپس گھر جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں فضل عباس موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی اہلیہ معجزانہ طور پر محفوظ رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شوہر سے جھگڑا، خاتون کی نہر میں چھلانگ، خود بچ گئی، 4 بچے ڈوب گئے
ابتدائی تحقیقات کے مطابق چند روز قبل لین دین کے تنازع پر فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ کوٹ لدھا میں پہلے ہی درج تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔










