لاہور( پنجاب پوسٹ ) محکمہ خوراک پنجاب نے لاہور اور راولپنڈی میں آٹے کی قلت کے تاثر کو غلط قرار دے دیا ،وافر فراہمی کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جبکہ مارکیٹ میں 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلوں کی قلت کا تاثر حقائق کے منافی ہے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کے مطابق محکمہ خوراک روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ مانیٹرنگ کر رہا ہے اور فلور ملز کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے مارکیٹ میں آٹے کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 15 جولائی کو لاہور میں 10 کلو آٹے کے 3 لاکھ 14 ہزار 361 تھیلے جبکہ راولپنڈی میں 3 لاکھ 76 ہزار 875 تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے گئے، جو آٹے کی پیداوار اور سپلائی کے تسلسل کا واضح ثبوت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد: گندم سپلائی پرمٹس معطل، 45 فلور ملز بند ہونے کا خطرہ
ڈی جی فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کے مقررہ نرخوں کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا 1,100 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2,200 روپے میں دستیاب ہے اور صارفین کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی باآسانی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
امجد حفیظ نے کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ رپورٹس بھی مارکیٹ میں آٹے کی وافر دستیابی کی تصدیق کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب فلور ملز کے تعاون سے عوام کو معیاری اور سستے آٹے کی فراہمی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ صارفین کے مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔














