اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) وفاقی دارالحکومت میں آٹے کے شدید بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) راولپنڈی چیپٹر کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب نے اسلام آباد کی فلور ملز کے لیے گندم کی سپلائی کے اجازت نامے معطل کر دیے ہیں، جس کے باعث 45 فلور ملز بند ہونے کا خطرہ ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم کی سپلائی معطل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے اور مصنوعی بحران کے ساتھ بلیک مارکیٹنگ کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ پی ایف ایم اے کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب نے پرمٹس کی معطلی کا کوئی تحریری حکم نامہ یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، بلکہ فیصلہ زبانی احکامات کے ذریعے سنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گراں فروشی پر بڑی ضرب ۔۔۔لاہور میں مہنگائی مافیا کا گھیرا تنگ
فلور ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسلام آباد کی فلور ملز کو گندم کی سپلائی فوری بحال نہ کی گئی تو راولپنڈی کی فلور ملز بھی کام بند کر دیں گی۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ آٹے کی فراہمی میں کسی بھی تعطل کی ذمہ داری محکمہ خوراک پنجاب پر عائد ہوگی۔
پی ایف ایم اے نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد میں ممکنہ آٹے کے بحران سے بچنے کے لیے فوری مداخلت کرتے ہوئے گندم سپلائی کے پرمٹس بحال کیے جائیں۔














