لاہور( پنجاب پوسٹ ) پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی میں تین روزہ خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور چین کے قونصل جنرل سن یان نے مشترکہ طور پر کیا۔
نمائش میں پاک چین دوستی، تاریخی تعلقات، سفارتی روابط اور دونوں ممالک کے درمیان ترقی کے مشترکہ سفر کو نایاب اور تاریخی تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کے مختلف ادوار، اہم سفارتی مواقع اور مشترکہ منصوبوں کو بھی تصویری انداز میں پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشیں نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات کی تاریخ، مشترکہ کامیابیوں اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
چین کے قونصل جنرل سن یان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اس تاریخی رشتے کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
تقریب میں ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی چیئرپرسن آمینہ حسن شیخ، رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ، سارہ احمد، چینی قونصل خانے کے افسران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھی تصویری نمائش کا دورہ کیا اور پاک چین دوستی کے تاریخی سفر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے نمائش میں پیش کی گئی نادر تصاویر کو پاک چین تعلقات کی مضبوط اور دیرینہ تاریخ کی مؤثر عکاسی قرار دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے لازوال رشتے کا خوبصورت اظہار قرار دیا۔










