65 نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلے کیلئے 71ہزار درخواستیں، 300 مزید بنائے جائیں گے، وزیر تعلیم

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں آج ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ آج سے 65 نواز شریف سکول آف ایمیننس کا باقاعدہ افتتاح اور آغاز ہو رہا ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب معیاری تعلیم کے سفر میں ایک اور اہم قدم آگے بڑھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خود ہر ڈویژن کا دورہ کر کے سکول آف ایمیننس کا افتتاح کریں گی، جس سے حکومت کی تعلیم کے شعبے سے وابستگی کا عملی اظہار ہوتا ہے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق نواز شریف سکول آف ایمیننس کے قیام کو عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ 65 سکولوں میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں، جو اس منصوبے پر والدین کے غیر معمولی اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایک نشست پر متعدد بچے ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں، جس سے ان سکولوں میں عوامی دلچسپی کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکول آف ایمیننس میں داخلے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دیے گئے ہیں۔ یہ سکول عالمی معیار کے مطابق قائم کیے گئے ہیں، جہاں متوسط طبقے کے بچوں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ طبقے کے والدین بھی اپنے بچوں کو داخل کروانے کے خواہشمند ہیں۔

وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ سکول آف ایمیننس کا دائرہ کار بتدریج پنجاب کے ہر ضلع تک وسیع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق جلد ہی 300 نواز شریف سکول آف ایمیننس مکمل کر کے فعال کر دیے جائیں گے، تاکہ صوبے کے ہر بچے کو جدید، معیاری اور یکساں تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے